Kursi IBN E INSHA کرسی
کرسی
یہ کیا ہے؟ یہ کرسی ہے۔ اس کے کیا فائدے ہیں؟ اس کے بڑے فائدے ہیں۔ اس پر بیٹھ کر قوم کی بے لوث خدمت بہت اچھی طرح کی جا سکتی ہے۔ اس کے بغیر نہیں کی جا سکتی ۔ اسی لئے تو جب لوگوں میں قومی خدمت کا جذبہ زور مارتا ہے تو وہ کرسی کے لئے لڑتے ہیں بلکہ کرسیوں سے لڑتے ہیں۔ ایک دوسرے پر کرسیاں اٹھا کر پھینکتے ہیں۔
کرسی بظاہر لکڑی کی معمولی چیز ہے لیکن لوگوں میں اخلاقِ حسنہ یعنی عاجزی، فروتنی اور خاکساری پیدا کرتی ہے۔ بڑے بڑے پاٹے خاں کرسی کے سامنے آتے ہیں تو خودی کو بلند کرنا بھول جاتے ہیں۔ اُسے جُھک جُھک کر سلام کرتے ہیں۔ اگر کوئی کرسی پر نہ بیٹھا ہو تو تب بھی کرتے ہیں۔
اردو میں ایک محاورہ ہے کرسی کا احمق۔ خاک نشین لوگ کرسی پر بیٹھنے والوں کو احمق گردانتے ہیں۔ انھیں کرسی کا احمق کہتے ہیں۔ اُدھر کرسی والے بغیر کرسی والوں کو احمق جانتے ہیں۔ ہماری رائے میں دونوں اپنی اپنی جگہ درست ہیں لیکن بڑا احمق ان میں سے کون ہے؟ یہ ہم نہیں کہہ سکتے۔
کرسی والے کو کرسی کبھی خالی نہیں چھوڑنی چاہئے۔ دوسرے لوگ فوراً اس پر بیٹھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کرسی فولڈنگ اچھی ہے، آدمی جہاں جائے اپنے ساتھ لیتا جائے۔
ابن انشاء
Comments
Post a Comment